ویتنام کا تجارتی حجم 470 ارب ڈالر سے متجاوز

مجموعی تجارت میں برآمدات کی مالیت 239.19 ارب ڈالر رہی،کسٹمز حکام

منگل 29 جولائی 2025 17:36

ہنوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)ویتنام کا تجارتی حجم وسط جولائی تک 470 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔امارات نیوز ایجنسی نے ویتنام کسٹمز کے حوالے سے بتایا کہ ویتنام کا یکم جنوری سے 15 جولائی تک تجارتی حجم 470.63 ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 16.2 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے،اس عرصہ کے دوران مجموعی تجارت میں برآمدات کی مالیت 239.19 ارب ڈالر رہی جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ ہے جبکہ درآمدات 231.44 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو سالانہ بنیاد پر 17.7 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔

ویتنام کی درآمد و برآمد کا مجموعی حجم جولائی کے پہلے نصف میں 38.21 ارب ڈالر رہا جو جون کے دوسرے نصف کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے جبکہ جولائی کے پہلے نصف میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کی برآمدات کا حجم 14.83 ارب ڈالر رہا جو جون کے دوسرے نصف کے مقابلے میں 13.5 فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب، اسی عرصے میں ان کی درآمدات 13.84 ارب ڈالر رہیں جو 4.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

15 جولائی تک غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری اداروں کی کل برآمدی آمدنی 175.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر 17.5 فیصد اضافہ ہے اور ملک کی کل برآمدات کا 73.5 فیصد حصہ بنتی ہے۔اسی طرح، ان اداروں کی کل درآمدی مالیت 153.31 ارب ڈالر رہی جو 22.7 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے اورمجموعی درآمدات کا 66.2 فیصد حصہ ہے۔رواں ماہ جولائی کے پہلے نصف میں ویتنام کا تجارتی خسارہ 134 ملین ڈالر رہا تاہم رواں سال کے آغاز سے 15 جولائی تک ملک نے 7.74 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا۔