گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کیلئے ائیر کنڈیشنڈ انتظار گاہ کا افتتاح

منگل 29 جولائی 2025 17:43

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے لیے نئی تعمیر کردہ جدید ائیر کنڈیشنڈ انتظار گاہ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ منگل کوک افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عمر خالد، پرنسپل خواجہ محمد صفدر ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل انجم بٹ، سینئر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس ویژن کا حصہ ہے جس کے تحت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات بلا امتیاز مہیا کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پرانی انتظار گاہ انتہائی خراب حالت میں تھی جہاں نہ بیٹھنے کی مناسب سہولت تھی اور نہ ہی کوئی بہتر ماحول میسر تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے انتظار گاہ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر از سر نو تعمیر کیا ہے۔

اراکین اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مریضوں کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے تمام آپریشن تھیٹرز کو فوری طور پر فعال کیا جائے اور اگر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سرکاری یا تکنیکی معاونت درکار ہو تو وہ حکومت سے رجوع کریں تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کی صحت و فلاح کیلئے جو بھی وسائل درکار ہوں گے، مہیا کیے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل انجم بٹ نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور ہسپتال کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔