صوبائی محتسب سندھ دفتر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے انٹرنز کا دورہ

صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت سے وفاقی ٹیکس محتسب کے انٹرنز کی ملاقات ملاقات میں وفاقی ٹیکس محتسب اور صوبائی محتسب سندھ دفتر کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی گفتگو

منگل 29 جولائی 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب سندھ کا دفتر عوام کو قلیل مدت میں مفت انصاف فراہم کرنے کا ضامن ہے، قانون ہمیں مفاد عامہ سے متعلق مسئلے پر اون موشن کی اجازت دیتا ہے جبکہ عوامی آگاہی کے لیے میڈیا، سوشل میڈیا، کھلی کچہری، سیمینار و دیگر ذرائع بھی استعمال کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی محتسب سندھ دفتر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے انٹرنیز کے دورے اور ملاقات کے موقع ہر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری منصور عباس رضوی، ایڈوائزر ریحانہ جی علی میمن، رجسٹرار مسعود عشرت، کنسلٹنٹ لیگل شاہد مصطفی بھی موجود تھے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے وفاقی ٹیکس محتسب اور صوبائی محتسب سندھ دفتر کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی گفتگو اور وفاقی ٹیکس محتسب انٹرنیز کو صوبائی محتسب سندھ دفتر سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محتسب سندھ کی ویب سائیٹ اور ایپلیکیشن اپنا کام کررہی ہیں جبکہ عوام کی آسانی کے لیے ایپلیکیشن کو اردو اور سندھی زبان میں بھی لانچ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

محمد سہیل راجپوت نے مزید بتایا کہ صوبائی محتسب سندھ دفتر میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا بھی جلد آغاز کردیا جائے گا جس سے شکایت کنندہ اپنی شکایت کو براہ راست بھی ٹریک کرسکے گا۔