ایڈیشنل سیشن جج ایبٹ آباد نے سفیر حسین عباسی قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی

بدھ 30 جولائی 2025 15:38

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ایڈیشنل سیشن جج ایبٹ آباد کی عدالت نے تھانہ بکوٹ کی حدود میں پیش آنے والے سفیر حسین عباسی قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم شمس ریاض کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ واقعہ 6 دسمبر 2023ءکو پیش آیا جب مقتول سفیر حسین عباسی اپنے بیٹے عدیل عباسی کے ہمراہ راولپنڈی میں مرحوم راجہ نثار کی دعائے جنازہ میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے۔

اس موقع پر شمس ریاض نے سفیر حسین پر فائرنگ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

قریبی ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے زخمی کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا جا رہا تھا تاہم بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ بکوٹ میں درج کر کے ملزم شمس ریاض کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مکمل چالان عدالت میں جمع کرایا گیا جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ استغاثہ کی طرف سے 16 گواہان نے بیانات قلمبند کروائے، تمام تر شواہد اور وکلاءکے دلائل سننے کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر شمس ریاض کو عمر قید کی سزا سنا دی۔