علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کے شیخ رامش کی آل پاکستان تقریری مقابلے میں کامیابی

بدھ 30 جولائی 2025 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)میرپور خاص میں ہونے والے عظیم الشان آل پاکستان تقریری مقابلے میں ملک بھر کے شہروں سے 50 یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس علمی اور فکری معرکے کا موضوع "شانِ عمر و حسین" تھا، جس میں پاکستان بھر سے آئے باصلاحیت مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اسی مقابلے میں علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) سوفٹویئر ٹیکنالوجی کے سالِ اول کے طالبعلم شیخ رامش نے اپنی ولولہ انگیز اور مدلل تقریر کے ذریعے تمام شرکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔

اس شاندار کامیابی پر انہیں عمرہ ٹکٹ سے بھی نوازا گیا۔کامیابی کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رامش نے کہا کہ یہ میرے لیے صرف ایک انعام نہیں، ایک ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

شانِ عمر و حسین پر بولنا میرے ایمان اور عقیدت کا اظہار تھا۔ میں اپنی کامیابی اپنے والدین، اساتذہ اور AIT کی بہترین رہنمائی کے نام کرتا ہوں۔ یہ آغاز ہے، میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنا چاہتا ہوں۔

پرنسپل AIT، شاہد جمیل نے شیخ رامش کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم شیخ رامش کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ملک بھر کے طلبہ میں نمایاں ہونا معمولی بات نہیں یہ ان کی محنت، جذبے اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔کنوینر AIT، سید محمد محسن کاظم نے اس پر مسرت موقع پر کہا کہ شیخ رامش نے آل پاکستان تقریری مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے AIT کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ہم انہیں دل سے مبارکباد دیتے ہیں۔ یہ کامیابی صرف ان کی نہیں، بلکہ ہم سب کی ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ایسے ہونہار طلبہ کو دینی و دنیاوی دونوں میدانوں میں آگے بڑھنے کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں۔"