محکمہ زراعت نے دھان کی پتہ لپیٹ سنڈی کے تدارک کیلئے سفارشات جاری کر دیں

بدھ 30 جولائی 2025 17:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) محکمہ زراعت نے دھان کی پتہ لپیٹ سنڈی کے تدارک کیلئے سفارشات جاری کر دیں ہیں۔ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ دھان کی پتہ لپیٹ سنڈی ایک خطرناک بیماری ہے۔صوبہ پنجاب میں دھان کے علاقوں میں اس کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ دھان کی پتہ لپیٹ سنڈی کے حملہ کی صورت میں نقصان کی معاشی حد 2 عدد حملہ شدہ/ لپیٹے ہوئے پتے فی پودا ہیں۔دھان کے کاشتکار پتہ لپیٹ سنڈی کے حملہ سے بچاؤ کیلئے باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کریں، جڑی بوٹیوں کی تلفی یقینی بنائیں۔متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال کر زمین میں دبا دیں۔اس کے علاوہ سنڈی کی موثر نگرانی کیلئے روشنی کے پھندوں کا استعمال کریں۔نائٹروجنی کھاد کے زیادہ استعمال سے گریز کریں۔دھان کی پتہ لپیٹ سنڈی کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے وقفہ قبل از برداشت مدِ نظر رکھتے ہوئے سفارش کردہ زرعی زہروں کا استعمال کریں۔