پنجاب دنیا بھر کے سرمایہ داروں کے لئے رول ماڈل اور توجہ کا مرکز بن رہا ہے،میاں ابوذر شاد

بدھ 30 جولائی 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، زراعت، واٹر سپلائی اور ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبہ جات میں ریکارڈ ترقیاتی اقدامات کیے ہیں۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں عوامی فلاح و بہبود کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، ہیلتھ سیکٹر میں موبائل کلینکس، ہیلتھ یونٹس کی اپ گریڈیشن، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور دل کے مریضوں کے لیے خصوصی سہولیات نے عام شہری کو بہت بڑی سہولت مہیا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیت سے منڈی تک سڑکوں نے زرعی پیداوار کی تیز تر اور کم خرچ منتقلی ممکن بنائی ہے جس سے کسانوں اور خریداروں دونوں کو فائدہ ہو رہا ہے، شہروں اور دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہونے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے فلو کو بہتر بنانے کے لیے فلائی اوورز، انڈر پاسز اور ماس ٹرانزٹ سسٹم میں بہتری جیسے منصوبے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت کے ساتھ ماحولیاتی بہتری کا بھی سبب بن رہے ہیں جبکہ تجارتی سامان کی تیزی سے نقل و حمل سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں سبسڈی اسکیمیں، کسان کارڈ، جدید مشینری کی فراہمی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معلومات کی فوری فراہمی جیسے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، ان پالیسیوں نے چھوٹے کسانوں کو جدید زراعت سے جوڑ دیا ہے ۔ میاں ابوذر شاد نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اسکولز و کالجز کی اپ گریڈیشن، مفت کتابوں کی فراہمی، اساتذہ کی تربیت اور بچیوں کی تعلیم کو ترجیح دے کر پنجاب حکومت نے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے، گرلز اسکولوں کے لیے بس سروس اور وظائف سے تعلیم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

صدر لاہور چیمبر نے واٹر سپلائی اور صاف پانی کے منصوبوں کی بحالی کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے جیسے اقدامات عوام کے لیے بہت بڑی سہولت ہیں۔ انہوں نے ویمن امپاورمنٹ اور یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرامز کو بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کی دانشمندانہ حکمت عملی قرار دیا اور کہا کہ خواتین کے لیے کاروباری سہولیات، مالی مدد، تربیتی کورسز اور نوجوانوں کے لیے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام جیسے اقدامات سے معیشت میں نیا خون شامل ہو رہا ہے۔

میاں ابوذر شاد نے خاص طور پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو آپریشن، انڈسٹریل زونز کی بحالی اور کاروباری رجسٹریشن کے عمل میں آسانی جیسے اقدامات سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور ایک خوشحال، جدید و ترقی یافتہ پنجاب کے ویژن کو حقیقت کا روپ دینے میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔