اسلام آباد پولیس کا مائیگرنٹ ریسورس سنٹر کے اشتراک سےانسانی اسمگلنگ کے خلاف ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 30 جولائی 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) اسلام آباد پولیس نے مائیگرنٹ ریسورس سنٹر کے اشتراک سے ہیومن ٹریفکنگ پر آگاہی ورکشاپ کا انعقادکیا۔ ورکشاپ میں ماہرین نے انسانی اسمگلنگ کی علاقائی و عالمی صورتحال، متاثرہ افراد کے حقوق اور سمگلنگ کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے متعلق آگاہی فراہم کرنے سمیت متعلقہ قوانین کے اطلاق پر عملی تربیت فراہم کی۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصرر ضوی کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کے افسران کی استعداد کار کو بڑھانے اور فرائض منصبی کی پیشہ وارانہ انداز میں انجام دہی کیلئے مختلف تربیتی کورسز سمیت ورکشاپس کا انعقاد کا سلسلہ جاری ہے،اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس نے مائیگرنٹ ریسورس سنٹر کے تعاون سے ہیومن ٹریفکنگ پر کیپیٹل پولیس کالج میںآگاہی ورکشاپ کا انعقادکیا،ورکشاپ میں زیر تربیت پولیس افسران سمیت ماہرین نے شرکت کی ،ورکشاپ کے دوران ماہرین نے انسانی اسمگلنگ کی علاقائی و عالمی صورتحال، متاثرہ افراد کے حقوق اور اسمگلنگ کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی،اس کے علاوہ متاثرہ افراد سے تعاون، ان کی بحالی اور متعلقہ قوانین کے اطلاق پر عملی تربیت بھی فراہم کی گئی،اس موقع پر ڈائریکٹر اسپیشل انیشیٹیوزشمس الحق درانی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک بین الاقوامی جرم ہے جو نہ صرف انسانی وقار کو مجروح کرتا ہے بلکہ معاشرے کے امن اور عدالتی نظام کے لیے بھی خطرہ ہے، ہمیں اس ناسور کے خلاف بھرپور آگاہی، تعاون اور موثر حکمت عملی اپنانی ہوگی،انہوں نے مائیگرنٹ ریسورس سنٹر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ورکشاپ کا مقصد پولیس اہلکاروں کو انسانی اسمگلنگ کی مختلف اقسام، اس کے اسباب، متاثرین کی شناخت اور قانونی طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا،ورکشاپ کے اختتام پر شرکاءکو شیلڈبھی دی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس انسانی اسمگلنگ کے خلاف جدوجہد میں ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :