مجرمان کیخلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب

بدھ 30 جولائی 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کیخلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ آئی جی نے گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، مظفر گڑھ کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور کیش ایوارڈز سے نوازا۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 30 افسران و اہلکاروں پر مشتمل 06 پولیس ٹیموں میں کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے۔انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے قتل، ڈکیتی، منشیات فروشی اور چوری میں ملوث مجرمان کیخلاف کامیاب آپریشنز کیے۔ جہلم میں 400 سے زائد سیلاب متاثرین کو بچانے پر ڈی ایس پی شہباز احمد ہنجرا اور ان کی ٹیم کو کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح منشیات فروشوں کیخلاف کامیاب کارروائی کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرنے پر ڈی ایس پی ذولفقار علی ورک اور ان کی ٹیم کی کیش ایوارڈ و تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ 07 گینگز کی گرفتاری عمل میں لانے اور کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمدگی پر انسپکٹر فرحت نواز کو کیش ایوارڈ اور تعریفی لیٹر سے نوازا گیا۔05 مقتولین کے قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے پر سب انسپکٹر صفدر عطا اور ٹیم کی کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی۔

آئی جی نے اچھی کارکردگی پر انعامات حاصل کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے۔ کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں 02 ڈی ایس پیز، 03 انسپکٹرز، 06 سب انسپکٹرز، 04اے ایس آئیز، 05 ہیڈ کانسٹیبلز اور 10 کانسٹیبلز شامل ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی اور اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔