مظفرآباد ، جنگلی کہو پر اعلیٰ اقسام کے زیتون کی پیوندکاری کے سلسلہ میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 13:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر راجہ اعجاز کی خصوصی ہدایت پر دفتر نائب ناظم زراعت توسیع ضلع مظفرآباد میں جنگلی کہو پر اعلیٰ اقسام کے زیتون کی پیوندکاری کے سلسلہ میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تربیتی ورکشاپ میں اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر سید مرتضیٰ گیلانی نے سرکل مظفرآباد کے فیلڈ سٹاف(فیلڈ معاونین، بیلداران اور بڈرز) کو زبانی و عملی طور پر زیتون کی پیوندکاری کی تربیت فراہم کی۔

اس موقع پرنائب ناظم زراعت ضلع مظفرآباد راجہ ظہیر اقبال نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ زیتون کی پیوندکاری مہم میں بھرپور لگن اور دلچسپی سے حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔ علاوہ ازیں ضلع بھر میں موضع کی سطح پر انجمن دہقاں کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں صرف اور صرف زمینداران کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے میں زراعت کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

شجر کاری کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کردار سے ہی عوام دوست ماحول فراہم کرنے ساتھ ساتھ معاشی زرائع آمدن کے لیے اسباب پیدا کیے جائیں، تربیتی ورکشاپ کے بعد ڈاکٹر اعجاز خان ناظم اعلیٰ زراعت نے موضع سبڑی میں زیتون کی پیوندکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف کو پیوندکاری مہم کو کامیاب بنانے نیز انجمن دہقاں کے قیام کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں اور موضع سبڑی میں زمیندار محمد رفیق کے فیلڈ میں موجود جنگلی کہو کے درخت پر زیتون کی پیوند کاری کرتے ہوئے علاقے میں پیوندکاری مہم کا آغاز کیا۔اس کے بعد فیلڈ عملہ نے 315 جنگلی کہو کے درختوں پر زیتون کی پیوند کاری مکمل کی۔

متعلقہ عنوان :