اے ٹی سی فیصل آ باد کا 9 مئی مقدمات سے متعلق فیصلہ خوش آ ئند ہے ، عظمی بخاری

جمعرات 31 جولائی 2025 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اے ٹی سی فیصل آ باد کا 9 مئی کیسز سے متعلق فیصلہ خوش آ ئند ہے،تشدد کے ذریعے غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی۔جمعرات کے روز اے ٹی سی فیصل آ باد کے 9 مئی کے حوالے سے کیسز کا فیصلہ آنے پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آ باد نے9 مئی کے واقعہ میں ملوث جن مجرموں کو سزا سنائی ہے وہ قانون اور آئین کے مطابق درست ہے،اس عدالتی فیصلے سے ملک میں قانون کی پاسداری اور انصاف کا بول بالا ہوا ہے اور تشدد کے ذریعے غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے،پوری قوم ملک میں تشدد کی سیاست کو فروغ دینے والوں کیخلاف عدالت کے اس فیصلے کو خوش آ ئند قرار دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ لوگوں کو اداروں کیخلاف اکسا کر حملے کرنا ناقابل برداشت ہے،اے ٹی سی کے فیصلے سے ملک کیلئے منفی سوچ رکھنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو گی اور اس فیصلے کے بعد ایسی حرکت کرنے والے ایک بار نہیں بلکہ کئی بار سوچیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی سیاسی جماعت کے نام پر ایسی دہشت گردی بند ہونی چاہیے جس سے ملک کا وقار دائو پر لگ جائے، نو مئی کے مجرموں کو سزا ہونے کے عدالتی فیصلے کے بعد اب معاشرے میں بحث ہونی چاہیے ،یہ نو مئی آخری حربہ تھا۔