مہمند کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود کا دورہ ضلع مہمند

امن کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ تمام ادارے، عوام، اور مشران ایک پیچ پر ہیں،خطاب

جمعرات 31 جولائی 2025 19:40

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)مہمند کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود کا دورہ ضلع مہمند ۔دورے کا مقصد باہمی رابطہ عوامی مسائل کے حل اور انتظامیہ، عوام و مشران کے درمیان اعتماد کی فضا مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ مہمند کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے مہمند کا دور کیا ڈی سی مہمند محمد یاسر حسن و دیگر محکموں کے افسران نے کمشنر پشاور کو بریفننگ دی۔

ڈی سی مہمند کے آفس لان میں قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور نے کہا کہ مہمند کے حالات سابقہ فاٹا کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں کہیں بہتر اور پرامن ہیں۔ یہ صرف فورسز نہیں بلکہ قومی مشران ۔فورسز اور انتظامیہ کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے کہ مہمند میں امن قائم ہے ہم جرگہ سسٹم کی بحالی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ جرگہ صرف فاٹا میں نہیں بلکہ پورے ملک میں مسائل کے حل کے لیے بہترین اور مثر نظام ہے۔

(جاری ہے)

عوامی روایات اور قبائلی اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے جرگہ سسٹم کو مزید مضبوط بنائیں گے۔کڑپہ روڈ کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ روپے منظور کیے جا کے ہیں، جلد ہی باقی 3 کلومیٹر کی تعمیر بھی مکمل ہو گی۔ گورسل روڈ کے لیے فنڈز ریلیز ہو چکا ہیں، اس پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔معدنیات کے شعبے کے مسائل کے حل سے نہ صرف معیشت بہتر ہو گی بلکہ بے روزگاری میں بھی کمی ہوگی ۔

اس وقت مہمند کے اسکولوں میں پچپن ہزار بچے داخل ہیں جبکہ ایک لاکھ تیئس ہزار بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔تعلیم سے ہی ایک باوقار، باشعور اور ترقی یافتہ قوم بنائی جا سکتی ہے، اس لیے اساتذہ کی بھرتی اور تعلیمی سہولیات کی بہتری اولین ترجیح ہے۔صحت کے شعبے میں بھی پیش رفت جاری ہے۔ آئس نشے کے شکار 4800 افراد کا علاج کیا جا چکا ہے جن میں ضلع مہمند کے 65 افراد بھی شامل ہیں۔

امن کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ تمام ادارے، عوام، اور مشران ایک پیچ پر ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر، نشہ فروشوں اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ فاٹا انضمام کے بعد بعض غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، جنہیں ختم کیا جا رہا ہے۔ ہم عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اعتماد بحال رکھا جا سکے۔تحصیل خویزئی بائیزی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

نادرا میں شناختی کارڈ کے اجرا کے عمل کو سہل بنانے پر ڈی جی نادرا کیساتھ بات کریں گے بارڈر علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔انضمام کے وقت رہ جانے والے بچپن خاصہ داروں کو جلد پولیس میں ضم کی جائیں گے ۔ہم سب ایک کشتی کے سوار ہیں، دشمن چاہے باہر بیٹھا ہو یا اندر، ہم کسی کو امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انڈیا کی ایما پر کام کرنے والے عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں گے اور انشااللہ امن و ترقی کا سفر جاری رہے گا ۔۔ قومی جرگے سے کمانڈنٹ مہمند رائفلز قومی مشران ملک ریحان شاہ ۔ملک فیاض، ملک صوبیدار صافی ۔ملک صاحب داد ۔ملک اقرار ۔ملک عطا اللہ ترکزئی ۔ملک احمد و دیگر نے مسائل اور امن و امان کے حوالے سے بہتر تجاویز پیش کئے ۔جبکہ مشران مہمان کو قبائلی روایات کے مطابق مہمان نوازی کے تخفے بھی پیش کی گئے۔