بلوچستان اسمبلی نے کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت سے متعلق قرارداد منظور کرلی

جمعرات 31 جولائی 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) بلوچستان اسمبلی نے کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت سے متعلق قرارداد منظور کر لی ۔جمعرات کوبلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی شاہد رئوف کی جانب کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت سے متعلق قرارداد پیش کی۔قرارداد کے متن کے مطابق کوئٹہ شہر کو کافی عرصے سے پانی کی شدید قلت کاسامناہے ماحولیاتی تبدیلی ،بارشوں میں کمی،بڑھتی ہوئی آبادی مسئلہ کومزیدپیچیدہ بنا رہی ہے ،حکومت بلوچستان کوئٹہ شہر میں جاری غیرقانونی ٹیوب ویل کی تنصیب کوروکنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرکے اقدامات اٹھا ئے ۔

قرارداد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے شاہدہ رائوف نے کہاکہ پانی ختم ہونے سے کچھ عرصہ بعد کوئٹہ میں رہائش ممکن نہیں ہوگی شہر میں 1200 فٹ پر پانی مل رہاہے جسکی سطح دن بدن گررہی ہے ، ہر عمارت کی تعمیر سے پہلے وہاں ٹیوب ویل کیلئے بورنگ ہوتی ہے ،آنے والی نسلیں پانی ترسیں گی ، متعلقہ غیر قانونی بورنگ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمیددرانی نے کہاکہ ہم نے مستقبل کے پانی کی فراہمی کو جاری رکھنے کے لئے منصوبہ بندی نہیں کی پانی زندگی ہے ، پانی کا مسئلہ حل کیاجائے ، ایوان کی بڑی ذمہ داری ہے کہ اس مسئلہ کے حل کیلئے واٹر ٹاکس فورس بنائے، اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ای اور واسا حکام کو پانی کی گرتی ہوئی سطح سے متعلق اقدامات کے حوالے سے رپورٹ طلب کرے ۔

ایوان نے پانی کی قلت سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔