کورنگی میں ڈاکوئوں نے نجی بینک کے باہرسے کیش وین لوٹ لی

جمعرات 31 جولائی 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) کورنگی گودام چورنگی کے قریب سے ڈاکوئوں نے نجی بینک کے باہرسے کیش وین سے 97لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔جمعرات کو ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارسوار ملزمان نے نجی بینک کے باہر سے کیش وین لوٹ نے کے دوران سکیورٹی گارڈ سمیت دو افرادکوفائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

پولیس تکنیکی بنیاد پر تحقیقات کرتے ہوئے ملزموں کا سراغ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ہماری ایک ٹیم نے کیس پر کام شروع کردیا ہے ،معلوم کررہے ہیں کہ کیا کیش منتقلی کا وقت روز یہی ہوتا تھا جبکہ تفتیش کے دوان بینک کی طرف سے ایس او پیز کو کتنا فالو کیا گیا، اس پہلو کو بھی دیکھ جارہاہے۔واردات کے بعد ڈاکو الٹو کار چھین کر فرار ہوئے جو گاڑی چھوڑی ہے اس سے کچھ شواہد ملے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بینک سمیت اطراف کی سی سی ٹی وی حاصل کرنا شروع کردی ہے ، ابتدائی اطلاع کے مطابق تین سے چار مسلح ملزمان نے واردات کی، جن کوسیکورٹی گارڈ نے روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں سیکورٹی گارڈ سمیت دو افراد زخمی ہوئے گئے ۔ کیش وین بینک سے رقم لیکر ہیڈ آفس جارہی تھی کہ واردات کا نشانہ بن گئی۔