ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستانی فارماسیوٹیکل سیکٹر کو عالمی سطح پر فروغ

بین الاقوامی کنزیومر ہیلتھ کمپنی ہیلیون کا پاکستان میں 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

جمعرات 31 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)پاکستان اسٹرٹیجک انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے ملک کے فارماسیوٹیکل سیکٹر نے عالمی سطح پر اپنی موجودگی مضبوط کی ہے۔بین الاقوامی کنزیومر ہیلتھ کمپنی ہیلیون نے پاکستان میں 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جو ملکی صنعت پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی واضح علامت ہے۔

ہیلیون کی یہ سرمایہ کاری پیناڈول فیکٹری کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گی،یہ جدید ترین فیکٹری، جو خود کار اور شمسی توانائی سے چلے گی، ملکی صنعتی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اس کامیابی کے پیچھے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی اصلاحات اور پالیسی تسلسل کو اہم عوامل قرار دیا جا رہا ہے، جنہوں نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہیلیون کی اس سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستانی معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ادویہ کی مقامی پیداوار میں اضافے سے عوام کو معیاری صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی پاکستان کی دواسازی صنعت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے پر مرکوز ہے، جس سے ملک کو برآمدات کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ماہرین معاشیات کے مطابق، یہ پیشرفت پاکستانی فارماسیوٹیکل سیکٹر کے لیے ایک اہم موڑ ہے، جو نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرے گا بلکہ خطے اور دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو بھی فروغ دے گا۔