آئی جی اسلام آباد پولیس کی زیر صدارت ڈی آئی جیز اور سینئر پولیس افسران کا اجلاس

جمعرات 31 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت تمام ڈی آئی جیز اور سینئر پولیس افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پولیس کے آپریشنل، انتظامی، سیکیورٹی، ڈیجیٹلائزیشن اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، ریڈ زون اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے ،گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کی کارکردگی، حساس معلومات کے تجزیے اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ انتظامی سطح پر تھانوں کی کارکردگی،افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، عوامی شکایات کے ازالے اور ٹریننگ سسٹم میں بہتری پر بات کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن مینجمنٹ، کمپلینٹ مینجمنٹ، سیف سٹی انٹیگریشن اور ٹیکنالوجی بیسڈ نگرانی کے نظام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔عوامی رابطے، ٹریفک نظم و ضبط، خواتین و بچوں کے تحفظ اور کمیونٹی پولیسنگ کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جدید چیلنجز کے مطابق پولیسنگ کو شفاف، پیشہ ورانہ اور عوام دوست بنائیں تاکہ شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔