سرگودھا ڈویژن میں اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کے تحت 5 ہزار 549 مکانات زیر تعمیر، 539 مکمل

جمعہ 1 اگست 2025 13:04

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی پروگرام اپنا گھر اپنی چھت کے تحت سرگودہا ڈویژن میں 5 ہزار 549 مکانات کی تعمیر جاری ہے۔ سرگودہا میں 1,363، خوشاب میں 1,435، میانوالی میں 1,348 اور بھکر میں 1,403 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ یہ بات کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں بتائی گئی ۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ طارق محمود نے ا ٹیم کے ہمراہ شرکت کی جبکہ خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ اپنا گھر اپنی چھت کے تحت اب تک 539 مکانات مکمل ہوچکے ہیں جن میں سرگودہا کے 152، خوشاب کے 176، میاںوالی کے 104 اور بھکر کے 107 مکانات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں اس منصوبے کے تحت ایک سے پانچ مرلے جبکہ دیہی علاقوں میں ایک سے دس مرلے تک کے پلاٹوں کے مالکان کو 15 لاکھ روپے تک قرضِ حسنہ فراہم کیا جا رہا ہے، جو 14 ہزار روپے ماہانہ قسطوں میں 9 سال کے دوران واپس کیا جائے گا۔

قرضہ دو اقساط میں اخوت، آر سی ڈی پی اور این آر ایس پی کے ذریعے دیا جا رہا ہے۔کمشنرسرگودہا کو وزیر اعلی پنجاب کے ایک اور عوام دوست پروگرام اپنی زمین اپنا گھر سکیم کے تحت مستحقین میں مفت پلاٹ تقسیم کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ اپنی زمین اپنا گھر کے لیے درخواستوں کی وصولی مکمل ہو چکی ہے جبکہ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ اس سکیم کے تحت ضلع سرگودہا میں تین مرلہ کے 25 پلاٹس ، خوشاب میں پانچ مرلہ کے 24 اور بھکر میں پانچ مرلہ کے 55 پلاٹس وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مستحق میں بذریعہ شفاف قرعہ اندازی مفت تقسیم کیے جائیں گے۔

اس سیکم میں 30 ہزار روپے ماہانہ آمدن والے افراد درخواست دینے کے اہل تھے۔ کمشنر نے اپنا گھر اپنی چھت اور اپنی زمین اپنا گھرکو موجودہ حکومت کے انقلابی منصوبے قرار دیتے ہوئے شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور جلد مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کا اعلان کیا۔