آئی جی کی زیر صدارت اجلاس

امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کارکردگی ، جدید پولیسنگ کے تقاضوں کا جائزہ

جمعہ 1 اگست 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا،آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں کا جائزہ لیااور تمام افسران کو جرائم کی شرح کو کم کرنے ،گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیساتھ تھانہ جات کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈی آئی جیزایس ایس پیز اور ایس پیزنے شرکت کی،اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی موجودہ کارکردگی اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی شرح میں کمی لانے، ریڈ زون اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو مزید مؤثر، مربوط اور فول پروف بنانے کے لئے جاری اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کی کہ گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس بیسڈ سسٹمز کی مدد سے مؤثر انداز میں اپ گریڈ کیا جائے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،آئی جی اسلام آباد نے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی، حساس معلومات کے تجزیے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی سے متعلق ممکنہ خطرات کے تدارک کے لئے پیشگی اقدامات کا بھی جائزہ لیا،اجلاس میں تھانہ جات کی کارکردگی، اندرونی نظم و نسق اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے نظام کا بھی جائزہ لیا، آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ تھانہ جات میں بہتری، پیشہ ورانہ تربیت کے معیار میں اضافہ، اخلاقی اقدار کے فروغ اور سروس ڈیلیوری کو شہریوں کے لیے قابلِ اعتماد اور مزید مؤثر بنانے پر بھرپور توجہ دیں،تمام تھانہ جات میں شفاف، ذمہ دار اور قابلِ رسائی ماحول کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت انصاف میسر آ سکے، انہوں نے کہا کہ پولیس صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ نہیں، بلکہ عوام کی خدمت اور تحفظ کی اولین ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے،آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو اپنے ڈویژنز اور یونٹس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، جدید چیلنجز سے ہم آہنگ پالیسیوں کو اپنانے اور پولیسنگ کو شفاف، جوابدہ اور عوام دوست بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں ،انہوں نے کہاکہ تمام افسران مکمل دیانت داری ، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔