خیبرپختونخوااسمبلی میں جموں وکشمیرکے عوام کے حق خودرادیت کے حوا لہ سے قراردادمتفقہ طو رپرمنظور

جمعہ 1 اگست 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں جموں وکشمیرکے عوام کے حق خودرادیت کے حوالہ سے قراردادمتفقہ طو رپرمنظورکرلی گئی ،قراردادمیں اقوام متحدہ کی قراردادنمبر47کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حق کی توثیق کرتے ہوئے عالمی برداری سے کشمیرکے مستقبل کے تعین کیلئے فوری اقدامات اورخطے میں آزادومنصفانہ ریفرنڈم کویقینی بنانے کامطالبہ کیاگیا،جمعہ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن شرافت علی نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم منتخب نمائندے جموں وکشمیر کے عوام کے جائز مقصدکی غیرمتزلزل حمایت میں متحدکھڑے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد47میں درج ان کے ناقابل تنسیخ حق خوداریت کی دوبارہ توثیق کرتے ہیں، ہم آرٹیکل370اورA-35کی منسوخی،جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،جعلی انتخابات اور کشمیریوں کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ اقدامات جمہوری اصولوں اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں یہ ایوان تمام جابرانہ اقدامات کے فوری خاتمہ اور جموں وکشمیر کے عوام کیلئے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی مکمل بحالی کامطالبہ کرتاہے عالمی اداروں خاص طور پراقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مداخلت کرے اور جموں وکشمیر کے مستقبل کے تعین کیلئے اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزاد منصفانہ اور غیرجانبدارانہ ریفرنڈم کویقینی بنائے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک آزاد کمیشن قائم کرے تاکہ متا ثرہ آبادیوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ سفارتی بات چیت کے ذریعہ پر امن حل کیلئے راہ ہموار کی جاسکے مزیدیہ کہ یہ ایوان جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتاہے اوران کے حقوق،آزادی اور وقار کیلئے اپنی حمایت جاری رکھنے کا عہدکرتاہے۔