اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 11 ملزمان گرفتار

ہفتہ 2 اگست 2025 12:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) انسداد منشیات فورس(اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.318 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اے این ایف نے بیان میں بتایا کہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس سے برطانیہ سے راولپنڈی آنے والے پارسل سے 84 گرام مائع بھنگ برآمد کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا۔

ہڑپہ ٹول پلازہ ساہیوال کے قریب گاڑی سے 4 کلو افیون، 2 کلو چرس اور 500 گرام آئس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پشین کے علاقے سرانان روڈ پر گاڑی سے 45 کلو افیون برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتار کرلیا۔اسلام آباد میں ترنول کے قریب ٹرک سے 25 کلو افیون اور 22.8 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکرلیاگیا۔

(جاری ہے)

انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 2 کلو افیون برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیاگیا۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب بس میں سوار مسافر کے قبضے سے 2 کلو آئس برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا۔اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران ملزم کے بیگ سے 1.808 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔رنگ روڑ پشاور کے قریب گاڑی سے 1.3 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔اٹک میں برہان ٹول پلازہ کے قریب بس میں سوار مسافر کے قبضے سے 710 گرام افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔