چین کا یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور

ہفتہ 2 اگست 2025 16:21

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرین بحران پر ہنگامی کھلے  اجلاس کا انعقاد کیا جو روس۔یوکرین تنازع پر سات دنوں میں سلامتی کونسل کا تیسرا اجلاس تھا۔چینی میڈیا کے مطابق چین کے اقوام متحدہ میں نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے زور دے کر کہا کہ یوکرین بحران اس وقت ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، تمام فریقوں کو متضاد سمتوں کی بجائے ایک دوسرے کی طرف بڑھنا چاہیےتاکہ بحران کے سیاسی حل کے لیے مزید اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے اور زیادہ کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازع کے فریقوں کو انسانی ہمدردی اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینی چاہیے، عام شہریوں کی مکمل حفاظت کرنی چاہیے، بین الاقوامی انسانی قانون کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے اور شہریوں اور شہری سہولیات پر حملوں سے گریز کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقوں کو کشیدگی کو جلد از جلد کم کرنا چاہیے، ساتھ ہی سیاسی عزم اور لچکدار رویہ اپنانا چاہیے، مذاکرات کی رفتار کو برقرار رکھنا چاہیے اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے ایک جامع، پائیدار اور پابند امن معاہدہ حاصل کرنا چاہیے۔

چین نے زور دے کر کہا کہ بین الاقوامی برادری کو جنگ بندی اور جنگ کو روکنے کے لیے فعال طور پر کام کرنا چاہیے، امن کی حوصلہ افزائی اور مذاکرات کو فروغ دینا چاہیے، بحران کے سیاسی حل کے لیے ایک سازگار ماحول قائم کرنا چاہیے، سازگار حالات پیدا کرنے چاہئیں اور ضروری مدد بھی فراہم کرنی چاہیے۔