مسجد الحرام کے خطیب کی سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کرنے والی اہم تلقین

irfan khatana عرفان کھٹانہ ہفتہ 2 اگست 2025 17:14

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 اگست 2025ء) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ یاسر الدوسری نے آج خطبہ جمعہ کے دوران سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ کے حوالے سے امت مسلمہ کو ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی خبر کو بغیر تحقیق یا تصدیق کے سوشل میڈیا پر نشر کرنا ایک خطرناک عمل ہے، جو نہ صرف معاشرے میں فتنہ و فساد کا باعث بن سکتا ہے بلکہ اس پر اللہ کے حضور جواب دہی بھی لازم آتی ہے۔


شیخ یاسر الدوسری نے کہا کہ ہر شخص جو سوشل میڈیا پر کچھ شائع کرتا ہے، وہ اپنے الفاظ اور اعمال کا ذمہ دار ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ کوئی بھی خبر نشر کرنے سے قبل اس کے ذرائع کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے اور اسے صرف معتبر و مصدقہ ذرائع سے حاصل کرنے کے بعد ہی شیئر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو نصیحت کی کہ وہ جذباتیت یا جلد بازی میں کوئی بات آگے نہ پھیلائیں، کیونکہ جھوٹی یا غیر مصدقہ خبریں معاشرے میں بے چینی اور گمراہی پیدا کر سکتی ہیں۔

امام حرم نے یہ بھی واضح کیا کہ سچائی، دیانت اور ذمہ داری اسلامی اقدار کا بنیادی حصہ ہیں، اور ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ ان اقدار کو اپنی آن لائن سرگرمیوں میں بھی اپنائے۔ انہوں نے تمام افراد سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط، بصیرت اور تقویٰ کا مظاہرہ کریں تاکہ معاشرہ امن، سچائی اور باہمی اعتماد کی فضا میں فروغ پائے۔