وفاقی وزیر علیم خان کا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ ، سیلاب سے پیدا صورتحال اوربڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کی بحالی پرگفتگو

ہفتہ 16 اگست 2025 20:00

وفاقی وزیر علیم خان کا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ ، سیلاب سے ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبے میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال اور شا ہراہوں اور پلوں کو بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات کی بحالی پر بات چیت کی۔ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر عبدالعلیم خان نے علی امین گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی پوری طرح متحرک ہے،کے پی کے کے عوام کے لئے این ایچ اے کے تمام وسائل حاضر ہیں اور لوگوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات برؤئے کار لائے جار ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں و پلوں کی تعمیر و مرمت پر دن رات کام شروع ہو چکا ہے اور صوبائی حکومت کو جہاں کہیں ضرورت ہوئی اٴْن کے احکامات پر پنجاب اور سندھ کے این ایچ اے کی مشینری اور افرادی قوت بھی صوبہ خیبر پختونخواہ میں خدمات سر انجام دے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کوگلگت بلتستان میں موجود وفاقی سیکرٹری مواصلات اور صوبہ خیبر پختونخوا سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کے روز ہی وفاقی وزیر مواصلات کے احکامات پر این ایچ اے کی ٹیموں نے فوری طور پر بحالی کے کام کا آغاز کر دیا تھا جس کے نتیجے میں مانسہرہ،ناران، جھال کھنڈ شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جبکہ بالا کوٹ سے بابوسر ٹاپ کے لئے بھی ٹریفک جاری ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے افسران آخری پل اور سڑک کی بحالی تک فیلڈ میں موجود رہیں گے اورکسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے مشکل صورتحال میں این ایچ اے کے فوری ریسپانس پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے اس آپریشن کو دن رات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمعتہ المبارک کے روز ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملتے ہی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر سیکرٹری مواصلات گلگت بلتستان اور چیئرمین این ایچ اے صوبہ خیبر پختونخوا کے لئے روانہ ہوگئے، پانچ اعلیٰ سطحی آپریشنل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں تھیں اور شمالی علاقہ جات اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی، لینڈ سلائیڈنگ ہٹانے اور دیگر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں چیئرمین این ایچ اے کی طرف سے بتایا گیا کہ قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ پر پل ٹوٹے ہوئے ہیں جہاں رابطہ بحال کرنے میں کچھ وقت لگے گا البتہ بالا کوٹ سے کرلاٹ، کیوائی اور شوگراں تک ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جہاں وفاقی سیکرٹری مواصلات بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔