وزیر مواصلات کا مری ایکسپریس وے کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا

مری ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام جلد از جلد اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، گفتگو

ہفتہ 2 اگست 2025 21:59

وزیر مواصلات کا مری ایکسپریس وے کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہفتہ کو اسلام آباد، مری ایکسپریس وے کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) کے افسران کو اہم ہدایات جاری کیں۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ مری ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام جلد از جلد اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ، بلارکاوٹ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مری ایکسپریس وے پر خوبصورت لائٹس کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ریسٹ ایریاز اور ہنگامی طور پر رکنے کے مقامات پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے زیرتعمیر ریسٹ ایریاز کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی رفتار تیز کرنے اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور ڈیڈ لائن کے اندر سارا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاحوں کے لیے بہترین سفری سہولیات فراہم کرنانیشنل ہائی وے اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے،مری ایکسپریس وے پر دونوں اطراف یادگاری دیواروں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے۔انہوں نے واضح ہدایت کی کہ ایکسپریس وے کے اطراف مقررہ حدود میں کسی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وفاقی وزیر نے مری ٹول پلازہ پر ای ٹیگ نظام کے آغاز اور طویل قطاروں کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی سہولت اور ٹریفک کی روانی میں معاون ثابت ہوگا۔عوام اور سیاحوں نے مری ایکسپریس وے کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شاہراہ کو معیاری اور باسہولت بنانا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور این ایچ اے کے اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :