Live Updates

جنگوں اور موسمیاتی بحران کے خلاف پختہ عزم کی ضرورت، گوتیرش

یو این جمعہ 19 ستمبر 2025 21:30

جنگوں اور موسمیاتی بحران کے خلاف پختہ عزم کی ضرورت، گوتیرش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 19 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے عالمی رہنماؤں کو خبردار کیا ہے کہ جنگوں، موسمیاتی تبدیلی، عدم مساوات اور ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات فوری اور مربوط اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔

جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے آغاز سے قبل اقوام متحدہ میں شعبہ عالمی اطلاعات کی سربراہ میلیسا فلیمنگ کو یو این نیوز کے لیے انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو بحران کا سامنا ہے۔

جنگوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جغرافیائی سیاسی تقسیم کے باعث ان پر موثر طور سے قابو پانا ممکن نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بلاروک و ٹوک ہر طرح کے اقدامات کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔ ہر ملک یہ سمجھتا ہے کہ وہ جو چاہے کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ترقی پذیر ممالک کو بڑھتی ہوئی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان میں بہت سے ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہیں جنہیں اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کم قیمت مالی وسائل تک رسائی نہیں ہے جبکہ عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے۔

UN Photo/Loey Felipe
گزشتہ سال منعقد ہونے والی کانفرنس برائے مستقبل کے ’ایکشن ڈے‘ کے سیشن کا ایک منظر۔

عالمگیر تعاون

سیکرٹری جنرل نے ان متعدد محاذوں کے بارے میں بتایا جہاں اقوام متحدہ عالمی تعاون کو متحرک کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا اور کئی ایسے اشارے مل رہے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد سے نیچے رکھنے کا ہدف حاصل کرنا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ ٹیکنالوجی نئی امیدوں کو جنم دے سکتی ہے لیکن اس سے تقسیم اور نفرت کے اظہار میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ لہٰذا اس کا ایسا انتظام ہونا چاہیے جس کی بدولت انسانی اختیار محفوظ رہے اور جدیدٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے ایک مثبت قوت بنایا جا سکے۔

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ آئندہ ہفتے جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں کو لازمی طور سے ایسے پختہ عزائم ظاہر کرنے ہوں گے جو ماحولیاتی آلودگی کے اخراج میں کمی، بین الاقوامی مالیاتی نظام کی اصلاح اور کثیرفریقی نظام کو مضبوط بنانے جیسے اہم اقدامات کا احاطہ کریں۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ حالات کا رخ موڑیں اور بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایسی اصلاحات کو قبول کریں جن کی بدولت زیادہ سے زیادہ انصاف اور مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔

© UNICEF/Mohammed Nateel
غزہ کی ایک بے گھر خاتون اپنے بچوں کے ساتھ۔

نظرانداز شدہ جنگیں

سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ جنرل اسمبلی کے موقع پر اسرائیل-فلسطین تنازع کے خاتمے کے لیے دو ریاستی حل کی واضح حمایت سامنے آئے گی اور غزہ میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا، "غزہ میں قتل و غارت کو بند ہونا چاہیے۔ فوری جنگ بندی ضروری ہے اور بلاتاخیر تمام یرغمالیوں کی رہائی بھی عمل میں آنی چاہیے۔

انہوں نے سوڈان اور ایسے دیگر تنازعات کا تذکرہ بھی کیا جنہیں 'نظر انداز شدہ جنگیں' بھی کہا جاتا ہے اور واضح کیا کہ مزید تباہی سے بچنے کے لیے سلامتی کونسل کو متحد ہو کر عملی اقدامات کرنا چاہئیں۔

© UNICEF/Fahad Ahmed
دریائے ستلج، راوی اور چناب میں سیلاب کے نتیجے میں بہت سے علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔

موسمیاتی اقدامات کی ضرورت

انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف فوری اقدامات کے لیے ان کا عزم اب بھی پوری طرح برقرار ہے۔ اقوام متحدہ کے ہر رکن ملک کو اپنی نئی ماحولیاتی منصوبہ بندی پیش کرنی چاہیے جس سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی آئے اور اس ناقابل واپسی صورتحال سے بچا جا سکے جو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے بہت بڑی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے جزائر پر مشتمل ترقی پذیر اور براعظم افریقہ کے ممالک سمیت کمزور ترین ریاستوں کو غیر متناسب خطرات کا سامنا ہے

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ مایوس نہیں بلکہ پرعزم ہیں۔ سبھی کو امید پیدا کرنا ہو گی اور اس وقت تک جدوجہد جاری رکھنی ہے جب تک مقاصد حاصل نہ ہو جائیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات