اب فوج اور ریاست پر حملہ کرنا گناہ کبیرہ ہو گا

فتنہ الخوارج اور دشمن قوتوں کو بتا دینا چا ہتے ہیں اگر تم نے پاکستان میں دہشت گردی کی تو تم گناہ کبیرہ کے مرتکب ہو گے اور اس ملک میں تمھارا رہنے کا کوئی جواز نہیں اور تمہیں یہاں سے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا، پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے پر چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کا ردعمل

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 ستمبر 2025 23:12

اب فوج اور ریاست پر حملہ کرنا گناہ کبیرہ ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2025ء) چیئرمین مجلس علماء و رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اب فوج اور ریاست پر حملہ کرنا گناہ کبیرہ ہو گا، فتنہ الخوارج اور دشمن قوتوں کو بتا دینا چا ہتے ہیں اگر تم نے پاکستان میں دہشت گردی کی تو تم گناہ کبیرہ کے مرتکب ہو گے اور اس ملک میں تمھارا رہنے کا کوئی جواز نہیں اور تمہیں یہاں سے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بادشاہی مسجد میں پاک سعودی دفاعی معاہد ہ کے حوالے سے یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ ایک عظیم معاہدہ ہے،جس پر پوری پاکستانی قوم یوم تشکر منا رہی ہے،اللہ تعالی نے قر آن پاک میں فرمایا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کی آواز ہے،حرمین شریفین سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے،اسکا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،وہ وقت آ گیا ہے،اللہ نے ہمیں اپنے برادر ملک سعودی عرب کو پاکستان کے ساتھ کھڑا کیا،اس عظیم معاہدے پر پوری قوم کو مبارکباد،وزیر اعظم محمد شہبازشریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور خادم الحرمین شریفین محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ جس وقت وزیر اعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر رہے تھے اس وقت فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور محمد بن سلمان کے چہرے کے تاثرات یہ ظاہر کر رہے تھے کہ وہ پوری امت اسلامیہ کی نمائندگی کر رہے ہیں کیونکہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت جس کے تانے بانے اسرائیل سے جا ملتے ہیں،اس جارحیت کا جواب پاک افواج نے تین گھنٹے میں بھارت کا چہرہ خاک میں ملا کر بتا دیا کہ ہم نعرہ تکبیر اور اللہ اکبر والے ہیں،پاک افواج کے بہادر نڈر لیڈر قیادت کرنے والے جنرل سید عاصم منیر نے صف بندی کرکے اللہ تعالی کے آگے سجدہ ریز ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد کے بغیر ہم یہ جنگ نہیں جیت سکتے،پاک افواج آپریشن '' بنیان المرصوص'' کے ذریعے پاکستانی پرچم کو لہراتے ہوئے بھارتی حکمران کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پہلے بھی پاک فوج کے ساتھ تھی اور اب بھی اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،امت مسلمہ کو آج اتحاد کی اشد ضرورت ہے،فتنہ الخوارج اور دشمن قوتوں کو بتا دینا چا ہتے ہیں اگر تم نے پاکستان میں دہشت گردی کی تو تم گناہ کبیرہ کے مرتکب ہو گے اور اس ملک میں تمھارا رہنے کا کوئی جواز نہیں اور تمہیں یہاں سے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ملے گا،پاکستان میں ہم نہ فتنہ الخوارج اور نہ ہی دشمن قوتوں کو چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین کا تحفظ کرے گا،دشمن قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ باطل مٹے گا اور حق بلند ہوگا۔علامہ سجاد حسین جوادی نے کہا کہ پوری قوم میں اتحاد و وحدت کی وجہ سے آج اعزاز سے ہمیں حرمین شریفین کی سکیورٹی دی جا رہی ہے، ہماری ہر مسجد سے آواز جائے گی کہ جو مسلمانوں سے محبت کرے ہم اس سے محبت کرتے ہیں اور جو مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے ہم اس سے نفرت کریں گے،خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی حفاظت ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما علامہ نعیم پاشا نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر رواں صدی کے خوش نصیب انسان ہیں جس سے اللہ تعالی نے کعبة اللہ کی حفاظت کا کام لیا ہے،سرکار کی قبر کی چوکیداری کا فخر نہ صرف حکمرانوں اور مسلح افواج بلکہ پوری پاکستانی قوم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک اورمسلمانوں کا دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بادشاہی مسجد سے اسرائیل کو یہ پیغام جائے گا کہ پورا عالم اسلام سعودی عرب کی قیادت میں متحد ہوچکا ہے،اگر کسی نے سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھ نکال لیں گے۔علامہ نعیم پاشا نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے جو قدم اٹھایا ہے پوری قو م ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔قاری فتح محمد راشدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قطر ایک اسلامی ملک ہے کسی نے اس کیخلاف کوئی بھی ناپاک جسارت کی تو پاکستان صف اول میں اس کا بھرپور دفاع کرے گا،سعودی عرب سے ہمارا رشتہ دل و دماغ سے ہے اور اس کے ساتھ محبت بے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی خدمت ہمارے ایمان کا حصہ اور ہماری ذمہ داری ہے،پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہو چکے ہیں،حرمین شریفین کی چوکیداری و خدمت سرانجام دینے کیلئے کلمہ پڑھ کر پیش ہو رہے ہیں،ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔حضرت مولانا مفتی شفیق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک ہی جسم کی مانند ہیں،اگر سعودی عرب پر حملہ ہوگا تو پاکستان پر تصور ہوگا اور پاکستان پر حملہ سعودی عرب پرتصور ہوگا،مسلم امہ کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو نا خوش آئند ہے،پاک سعودی عرب معاہدہ اتحاد مسلم امہ کی پہلی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں امت مسلمہ کے دشمن ہیں،اہل فلسطین دو سال سے مسلسل اسرائیل کا ظلم و جبر برداشت کر رہا ہے،ستر ہزار سے زائد معصوم بچے،نوجوان،بوڑھوں اور خواتین کو شہید کیا جا چکا ہے ۔