ڈاکٹر ایلیا شاہد جتوئی نے ایس پی ایس سی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، سرائیکی کمیونٹی کے لیے اعزاز

ہفتہ 2 اگست 2025 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)سینئر صحافی شاہد عباس جتوئی کی صاحبزادی ڈاکٹر ایلیا شاہد جتوئی نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقدہ وومن میڈیکل آفیسر (BPS-17) کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یکم اگست 2025 کو جاری کردہ میرٹ لسٹ کے مطابق ڈاکٹر ایلیا نے 75 نمبروں کے ساتھ تمام امیدواروں میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔

(جاری ہے)

سرائیکی پروفیشنلز فورم اور سرائیکی ریسورس سینٹر کراچی نے ڈاکٹر ایلیا اور ان کے خاندان کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اس کامیابی کو پوری سرائیکی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ فورم کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈاکٹر ایلیا کی کامیابی سرائیکی نوجوانوں، خاص طور پر خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو تعلیم اور پروفیشنل شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹر ایلیا کے والد، معروف صحافی شاہد عباس جتوئی، کے تعاون اور رہنمائی کو بھی سراہا، جن کی سرپرستی نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سرائیکی فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی کامیابیوں کو اجاگر کیا جانا چاہیے تاکہ دوسرے نوجوان، خاص طور پر بچیاں، بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ حاصل کریں۔