وفاق کے ذمہ اربوں کے بقایاجات کی وصولی کے لئی خیبر پختونخوا حکومت پھرسرگرم

خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور،معاملے کے حل کے لئے رواں ہفتے اجلاس طلب کیا جائیگا

اتوار 3 اگست 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)خیبرپختونخوا حکومت نے نیٹ ہائیڈل پرافٹ (NHP) کی مد میں وفاق کے ذمے واجب الادا اربوں روپے کے بقایاجات کی وصولی کے لیے اپنی کوششیں مزید مربوط اور مؤثر بنا دی ہیں۔ صوبائی حکومت نے جامع مشاورت کے بعد متعدد عملی تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے، جنہیں رواں ہفتے وفاقی حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اس ضمن میں محکمہ توانائی و برقیات خیبرپختونخوا میں سابق صوبائی وزیر اور چیئرمین پیسکو بورڈ، حمایت اللہ خان کی زیر صدارت‘‘آؤٹ آف باکس سلوشن کمیٹی’’کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں صوبے کے مالی حقوق کے تحفظ اور واجبات کی بروقت وصولی کے لیے مختلف قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے رکن ٹیکنیکل، سیکرٹری توانائی و برقیات محمد زبیر خان، رکن مالیات حمایت اللہ خان، اور سی ای او خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن کمپنی و ریسورس پرسن برائے این ایچ پی، انجینئر ملک لقمان حکیم نے اجلاس میں تجاویز پیش کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اگر وفاق سنجیدگی سے اس مسئلے کا مستقل حل چاہتا ہے تو واپڈا کے زیر انتظام صوبائی حدود میں واقع توانائی منصوبے خیبرپختونخوا کے حوالے کیے جائیں، یا پھر واجبات کی ادائیگی قاضی فارمولے کے تحت یقینی بنائی جائے۔

مشاورتی اجلاس میں مرتب کی گئی تجاویز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پیش کر دی گئی ہیں، جن کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے وفاقی حکومت کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے کی جانب سے پیش کردہ نکات پر باضابطہ تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاکہ اس اہم قومی معاملے کا باوقار اور دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔