مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے پر امن حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام ممکن ہے ‘چوہدری شافع حسین

پیر 4 اگست 2025 17:27

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے پر امن حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت واوقاف چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا،بھارت کے اس غیر آئینی اقدام کا مقصد کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین سے بیدخل کرنا تھا،یہ اقدام کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو کمزور کرنے اور کشمیری آبادی کے تناسب کو بدلنے کی بھارتی کوشش ہے۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت واوقاف چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔پاکستان بھارت کے مقبوضہ وادی کے حوالے سے تمام غیر آئینی اقدامات کی مذمت اور انہیں مسترد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے جبر کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا لیکن غاصب بھارت کشمیریوں کی آواز دبا سکا ہے نہ کبھی دبا سکے گا۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔پاکستان کشمیریوں کی توانا اور مضبوط آواز ہے اور پاکستان کشمیریوں کے جائز حق کیلئے دنیا کے ہر پلیٹ پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے پر امن حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام ممکن ہے۔