اوپیک پلس گروپ کا ستمبر میں تیل کی یومیہ پیداوار پانچ لاکھ 47 ہزار بیرل بڑھانے پر اتفاق

پیر 4 اگست 2025 13:01

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) تیل برآمد کرنے والے ممالک کے گروپ (اوپیک پلس )نے بہتر عالمی اقتصادی صورتحال کے باعث ستمبر میں تیل کی یومیہ پیداوار میں پانچ لاکھ 47 ہزار بیرل اضافہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اردو نیوز نے گروپ کے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ مارکیٹ کے بدلتے حالات کے باعث پیداوار میں رضاکارانہ کٹوتی کے عمل کو ختم یا تبدیل کیا جا سکتا ہے ، یہ نقطہ نظر تیل کی عالمی منڈی میں تیزی سے تبدیل ہوتے حالات کو دیکھ کر توازن برقرار رکھنے کے لئے اتحاد کی صلاحیت کو یقینی بناتا ہے۔

گروپ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 2023 میں اوپیک پلس گروپ کے 8رکن ممالک نے کیا تھا کہ 22 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار کے رضاکارانہ فیصلے کو مرحلہ وار واپس کیا جائے گا اور یہ اُسی سلسلے کا آخری فیز ہے۔

(جاری ہے)

2 برس قبل پیداوار کو رضاکارانہ طور پر کم کرنے کے اقدام کا مقصد ابتدائی طور پر معاشی غیریقینی صورتحال کے دوران قیمتوں کو مستحکم کرنا تھا۔ اوپیک پلس کے 8 ممالک نے کہا کہ یہ اقدام حصہ لینے والے ممالک کو اپنی آمدنی کو بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔ اوپیک پلس کا کہنا ہے کہ وہ مارکیٹ کے حالات، تعمیل اور معاوضے کا جائزہ لینے کے لئے ماہانہ اجلاسوں کا انعقاد جاری رکھے گا، آئندہ اجلاس سات ستمبر کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :