غزہ، نقل مکانی پر مجبور اور بھوک سے بے حال فلسطینی اب پانی کو ترسنے لگے

پانی کا شدید بحران بھی جنم لے رہا ہے جس سے غزہ کے لوگوں کی مصیبتوں میں مزید اضافہ ہوگیا،رپورٹ

پیر 4 اگست 2025 17:02

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)غزہ میں خوراک کی کمی کے بعد اب پانی کا ایک سنگین بحران جنم لے رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق غزہ کے شہریوں کے لیے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ فضائی حملوں، نکل مقانی اور بھوک کے بعد اب پانی کا شدید بحران بھی جنم لے رہا ہے جس سے غزہ کے لوگوں کی مصیبتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بعض اوقات پانی کے ٹینکر غزہ کے رہائشیوں تک پہنچ جاتے ہیں اور این جی اوز چند خوش نصیبوں کو وہ پانی تقسیم کرتی ہیں لیکن یہ کافی نہیں ۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے جنگ کے شروع میں غزہ میں پانی کی سپلائی منقطع کرنے کے بعد شمالی غزہ میں پانی کی کچھ سپلائی لائنز کو اسرائیلی پانی کی کمپنی میکروٹ سے جوڑ دیا تھا تاہم رہائشیوں نے بتایا کہ پانی اب بھی نہیں آرہا۔ غزہ سٹی کے ترجمان عاصم النبیح کے مطابق میونسپلٹی کا اسرائیلی کمپنی میکروٹ کے ذریعے فراہم کردہ نیٹ ورک کا حصہ تقریبا دو ہفتوں سے کام نہیں کر رہا اور پانی کی سپلائی نہیں ہورہی۔مقامی حکام نے بتایا کہ غزہ کے پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کو یہ نقصان جنگ کی وجہ سے ہوا جس میں پانی سپلائی کی کئی اہم پائپ لائنز تباہ ہوگئیں۔