محکمہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے،ریجنل سپورٹس آفیسر ہزارہ

پیر 4 اگست 2025 17:10

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ریجنل سپورٹس آفیسر ہزارہ احمد زمان نے کہا ہے کہ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلابٹ بیڈمنٹن کلب کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ریجنل سپورٹس آفیسر نے بیڈمنٹن کورٹ میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا ، اس موقع پر بیڈمنٹن کلب کھلابٹ کے کھلاڑیوں نے ریجنل سپورٹس آفیسر کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ کھلاڑیوں کے لیےحوصلہ افزا ہے۔

احمد زمان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح،تربیت،ترقی اور مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا،اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان کھیل کے میدانوں میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں،کھیل کے میدان صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ قومی ترقی و اتحاد کی علامت ہیں،ہم ان میدانوں کو آباد دیکھنا چاہتے ہیں جہاں کھلاڑیوں کو نہ صرف سہولیات میسر ہوں بلکہ ان کی رہنمائی کے لیے مستند کوچز اور تربیتی ماحول بھی فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آر ایس او ہزارہ کلب کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر اُنھوں نے تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں کھیل میں مہارت حاصل کرنے،نظم و ضبط،ٹیم ورک اور مسلسل محنت پر مرکوز رکھیں تاکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔اُنھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے کھیل سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں ہے،بہت جلد ہزارہ ڈویژن میں ریجنل کھیلوں کے مقابلے اور تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں بلا تفریق تمام علاقوں سے باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :