کیا فوجی سردی کی شکایت کرتا ہے؟، سنیل گواسکر کھلاڑیوں کے ورک لوڈ مینجمنٹ کی مخالفت میں بول پڑے

مجھے امید ہے کہ ورک لوڈ کا لفظ بھارتی کرکٹ کی ڈکشنری سے نکال دیا جائے گا : سابق بھارتی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 اگست 2025 13:21

کیا فوجی سردی کی شکایت کرتا ہے؟، سنیل گواسکر کھلاڑیوں کے ورک لوڈ مینجمنٹ ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2025ء ) بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کھلاڑیوں کے ورک لوڈ مینجمنٹ کی مخالفت میں بول پڑے ۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 76 سالہ سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ محمد سراج انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پانچوں ٹیسٹ کھیلنے والے واحد اور سب سے زیادہ اوورز کروانے والے بولر ہیں، کپتان کی ضرورت اور ملک کی توقعات کی وجہ سے سراج نے 5 میچز کی سیریز میں نان اسٹاپ 7 سے 8 اوورز کے اسپیل کرائے، سراج نے انگلینڈ کےخلاف سیریز میں سب سےزیادہ 185.3 اوورز کروائے۔

 
انہوں نے کہا کہ محمد سراج نے ورک لوڈ کے تحت آخری ٹیسٹ میں آرام کرنے کی آفر ٹھکرا دی تھی جب کہ بھارت کے جسپریت بمرا نے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت صرف 3 ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، سراج نے ورک لوڈ والی بات کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا ، مجھے امید ہے کہ ورک لوڈ کا لفظ بھارتی کرکٹ کی ڈکشنری سے نکال دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

 

سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ورک لوڈ جسمانی نہیں بلکہ ایک دماغی چیز ہے، اگر ورک لوڈ کی بات کرنے والوں کے پریشر میں آگئے تو آپ بہترین کھلاڑی کبھی نہیں کھلا سکیں گے، جب آپ ملک کے لیے کھیلتے ہیں تو درد اورتکلیف کو بھول جائیں، بارڈر پر کیا فوجی جوان سردی کی شکایت کرتے ہیں؟۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ملک کیلئے کرکٹ کھیلنا ایک اعزاز ہے لہٰذا کرکٹ میں ملک کیلئے درد کو بھول کر اپنی بہترین پرفارمنس دیں، رشبھ پنت ٹوٹے پنجے کے ساتھ بیٹنگ کرنے آئے تھے اور یہی آپ کھلاڑیوں سے بھی توقع کرتے ہیں۔