کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس، ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ

پیر 4 اگست 2025 20:32

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس کمشنر آفس کانفرنس رُوم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ستھراء پنجاب پروگرام، سیوریج سسٹم کی بحالی کے میگا پراجیکٹس، انسداد تجاوزات، بیوٹیفکیشن، شجرکاری، فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت، ایم سی کے ملازمین اور اثاثہ جات کی واسا کو منتقلی ، الیکٹرک بسیں، محکمہ ہائی ویز اور بلڈنگ کے جاری منصوبوں پر گزشتہ ہفتے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان نے بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر کو بتایا کہ ستھراء پنجاب پروگرام کے تحت صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور نالوں کی صفائی میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔ سیوریج نظام کی بحالی کے میگا پراجیکٹ کے پی سی ون پر ورکنگ جاری ہے، جس سے شہریوں کو نکاسی آب کے دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور فعالیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ان کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں معیاری اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، اے ڈی سی آر فہد محمود، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، ایس ای ہائی ویز رانا عابد، ایس ای بلڈنگ امانت علی، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر نے محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے منصوبوں میں سنجیدگی، ذمہ داری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ہر ہفتے کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق عملی اقدامات کی پیش رفت دکھائی جائے۔

متعلقہ عنوان :