کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں 15روزہ سافٹ سکلز ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

پیر 4 اگست 2025 20:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں 15روزہ سافٹ سکلز ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کے گیسٹ آف آنر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز وائس چانسلر فاٹا یونیورسٹی تھے اور ایچ ای سی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب خان کے علاوہ دیگر اہم معززشخصیات نے شرکت کی۔ میزبانی کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس ڈائریکٹرپروفیسر شاہد خٹک نے کی۔

گیسٹ آف آنر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ صلاحیتوں کا ادراک ہمیں بہتر کارکردگی کی جانب راغب کرتا ہے،صلاحیت و قابلیت میں اضافہ کامیابی کا زینہ ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ طلبہ کی عملی استعداد کار میں اضافہ کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

صبر واستقامت،شکوہ و شکایت سے پرہیز اور ناکامی کو برداشت کرنا ہماری شخصیت کو مضبوط بناتے ہوئے زندگی میں کامیابیوں کو قریب لاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی کاشکار ذہین طلبہ کی حوصلہ افزائی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تعلیم کے عملی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی کے نئے سفر پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ طلبہ کو عملی طورپر مہارت یافتہ بناتے ہوئے معاشی ترقی ممکن ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس ڈائریکٹرپروفیسر شاہد خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد طلبا و طالبات کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کی مہارتوں سے روشناس کرانا ہے۔

ان عملی مہارتوں میں شرکا کو ٹیم کی شکل میں کام کرتے ہوئے اپنے مقاصدکے حصول اور دورانِ کام مہارت سے مشکلات کا سامنا کرنا اور ان سے نبردآزما ہوتے ہوئے مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔ طلبہ کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے اپنی ٹیم کو مقاصد کے حصول کے لیے حوصلہ افزائی اور کاروبار کو فروغ دینے کے طریق کار بارے آگاہی دی گئی۔ طلبہ کو خود اعتمادی اور بہتر ابلاغ کا درس بھی دیا گیا۔