معرکہ حق تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں ذلفی نے پہلی پوزیشن اور وہیل چیئر ٹینس ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑی فدا حسین نے ٹائٹل اپنے نام کیا

پیر 4 اگست 2025 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)سندھ حکومت کی ہدایت پر "معرکہ حق" کے عنوان سے کراچی میں جشنِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔ وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر کی خصوصی ہدایت پر محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے کراچی کے ایسٹ اور سینٹرل اضلاع میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں وہیل چیئر ٹینس اور تائیکوانڈو کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 500 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

ترجمان محکمہ کھیل کے مطابق، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر سینٹرل کراچی حاجرا نواب کے زیراہتمام "معرکہ حق تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025" کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 500 سے زائد کھلاڑی شریک ہوئے۔ اس چیمپئن شپ میں ذلفی نے پہلی، کرینہ نے دوسری، اور پلیئرز یونین نے تیسری پوزیشن حاصل کی. تقریب میں صدر سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کامران قمر، رکنِ اسمبلی قرت العین، گرینڈ ماسٹر رضوان سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسر اسماعیل شاہ کے زیر اہتمام سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں ایک روزہ وہیل چیئر ٹینس ٹورنامنٹ منعقد ہوا، جس میں 20 سے زائد خصوصی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل کھلاڑی فدا حسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔فاتح کھلاڑیوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی، اسماعیل شاہ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ نے کیش انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔اختتامی تقریب کے موقع پر ترجمان محکمہ کھیل سندھ کا کہنا تھا کہ تقریب میں وطن کے دفاع، امن کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔