ڈرائیونگ ٹیسٹ کے ریکارڈ میں مبینہ رد و بدل پر ایس پی حویلی اور ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر حویلی طلب

پیر 4 اگست 2025 21:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں زیر سماعت کیس محمد شرافت میر بنام ڈاکٹر جواد افضل کیانی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے پبلک ڈاکیومنٹ کی نقولات جاری نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ قائم مقام چیف جسٹس جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جسٹس رضاعلی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

قائم مقام چیف جسٹس نے دوران سماعت اظہار کیا کہ پبلک ڈاکیومنٹ کی نقل نہ دینا نہ صرف مس کنڈیکٹ ہے بلکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی توہین کے زمرے میں آتا ہے۔ جسٹس رضاعلی خان نے ڈاکٹر جواد افضل کیانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آپ جعلی طریقے سے ڈرائیور بھرتی کرتے ہوئے خود بھی ملازمت سے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈی ایچ او حویلی کی جانب سے دیئے گئے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے 8 اگست کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر مفصل جواب جمع کروانے کی ہدایت جاری کر دی۔

علاوہ ازیں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے ریکارڈ میں مبینہ رد و بدل پر ایس پی حویلی اور ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر حویلی کو بھی طلب کر لیا ہے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔ دوسری جانب ڈی ایچ او ہٹیاں بالا اور ایم ایس دھیرکوٹ کی جانب سے جمع کروائے گئے جوابات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان کی حد تک درخواست ہا توہین عدالت داخل دفتر کر دی گئی۔