درجنوں سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

منگل 5 اگست 2025 22:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈکیتی و راہزنی کے در جنوں مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک مفرور ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ میں سی سی ڈی لائلپور ڈویژن ٹیم سے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ڈکیتی و راہزنی کے درجنوں مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو نبیل عرف بلی ہلاک ہوگیا۔

حکام کے مطابق انچارج سرکل سی سی ڈی لائلپور ڈویژن انسپکٹر صدیق چیمہ نے نفری کے ہمراہ تھانہ سی سی ڈی کے مقدمہ نمبر 35/25 میں مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ماہیے شاہ قبرستان کی جنازگاہ پر چھاپہ مارا۔ وہاں موجود 4 مسلح ڈاکوؤں نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد سی سی ڈی ٹیم نے ایک مسلح ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اسکے 3 دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل عرف بلی سکنہ 163 رب بلگن کے نام سے ہوئی جس کو گزشتہ روز اسکے ساتھی تھانہ نشاط آباد کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے بعد سی سی ڈی کی حراست سے چھڑوا کر فرار ہوگئے تھے۔ ہلاک ملزم نبیل عرف بلی ڈکیتی ، چوری ،راہزنی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے 50 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور سال 2023 میں پولیس مقابلہ کے دوران ڈولفن اہلکار آکاش کو فائر مار کر زخمی کرنے سمیت ڈکیتی و راہزنی کی 100 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔