ضلع راولپنڈی میں ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالہ سے ریلی کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 23:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی ریسکیو 1122 نے 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے طور پر منایا اور ریلی کا انعقاد کیا ۔ منگل کو ریلی میں پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے افسران و جوانوں نے بھی بھرپور شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ریلی کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کیا گیا جس میں سول سوسائٹی اور مختلف سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے تاکہ دنیا کو اس بات کا پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔