بجلی کی موجودہ قیمت میں مزید 0.77 روپے بشمول ٹیکس فی یونٹ کمی کا امکان ہے،کمی چوتھی سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملے گی، وزارت پاور ڈویژن

منگل 5 اگست 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزارت پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کی موجودہ قیمت میں مزید 0.77 روپے بشمول ٹیکس فی یونٹ کمی کا امکان ہے،کمی چوتھی سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملے گی۔منگل کو وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ سال 25-2024 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں جمع کروائی، نیپرا نے اس درخواست پر 4 اگست 2025ء کو سماعت کی۔

سماعت کے مطابق اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی واپسی اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بلوں میں منفی 1.89 روپے فی یونٹ کے حساب سے متوقع ہے، منفی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ آنے کی بنیادی وجہ بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے ترمیمی معاہدے اور بجلی کی اضافی مانگ ہے جو کہ نرخوں میں کمی اور کیپٹو پاور پلانٹس کی منتقلی کے باعث ممکن ہوئی، اس طرح اگست کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.34 روپے فی یونٹ کی مزیدکمی ہو گی۔

(جاری ہے)

جون 2025ء کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے سی پی پی اے نے 16جولائی 2025 ء کو نیپرا میں جمع کروائی۔ نیپرا نے اس درخواست پر 3 جولائی 2025ء کو سماعت کی۔ سماعت کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.78 روپے فی یونٹ کی کمی متوقع ہے جو کہ اگست کے بلوں میں لاگو ہوگی،جولائی کے بلوں میں صارفین کو منفی 0.50 روپے فی یونٹ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ واپس ہوئی ہے۔ اس طرح اگست کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.28 روپے فی یونٹ کی کمی متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :