آر ڈی اے کا نالہ لئی کے کناروں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن

منگل 5 اگست 2025 21:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نالہ لئی کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق یہ آپریشن کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، اور ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضی کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔ آر ڈی اے کی انفورسمنٹ سکواڈ نے کٹاریاں پل، ڈھوک نجو، شیخ رشید پل اور گوالمنڈی پل سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات کیے۔

یہ آپریشن ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے ملک غضنفر علی اعوان کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی، ایم سی آر اور دیگر متعلقہ افسران کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ نالہ لئی کے کناروں پر غیر قانونی تعمیرات یا کوڑا کرکٹ پھینکنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈان وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے، جنہوں نے غیر قانونی تجاوزات، تعمیرات اور غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آر ڈی اے نے ترقیاتی زونز میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے اور شہریوں کے لیے صاف ستھرا اور پائیدار شہری ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔