اسرائیلی فوجی کارروائیاں غزہ بھر میں پھیلانے کے نتائج تباہ کن ہوں گے،اقوامِ متحدہ

بدھ 6 اگست 2025 10:00

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) اقوامِ متحدہ نے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اپنی فوجی کارروائیوں کا دائرہ غزہ کی پوری پٹی تک بڑھا تا ہے تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹر ی جنرل برائے یورپ، وسطی ایشیا اور امریکی خطہ میروسلاف ینچا نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا نیا اقدام لاکھوں فلسطینیوں کے لیے تباہ کن اور غزہ میں موجود باقی اسرائیلی یرغمالیوں کی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے اور یہی بین الاقوامی قانون کا واضح مؤقف ہے۔میروسلاف ینچا نے بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے جولائی 2024 کے مشاورتی فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام نئی آبادکاریوں کو فوری طور پر بند کرے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اپنے تمام آبادکاروں کو نکالے اور وہاں اپنی غیر قانونی موجودگی کا خاتمہ جلد از جلد کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غزہ میں صورتحال انتہائی ہولناک ہے اور فلسطینی روزانہ غیر انسانی اور بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی امداد کے فوری، تیز اور بغیر رکاوٹ داخلے کی اجازت دے تاکہ مزید ہلاکتوں اور تکالیف کو روکا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، ہمیں سیاسی اور سکیو رٹی فریم ورک قائم کرنے کی ضرورت ہے جو غزہ میں انسانی بحران کو ختم ، تعمیرِ نو کا عمل شروع کرے اور اسرائیلی و فلسطینی عوام کے جائز سکیورٹی خدشات مدنظر رکھتے ہوئے دو ریاستی حل کی جانب بڑھنے کی بنیاد رکھے۔