ملتان ریجن میں بھتہ خوری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سی سی ڈی کا کریک ڈاؤن

بدھ 6 اگست 2025 10:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان ریجن نے بھتہ خوری، دھمکیوں اور غیر قانونی مطالبات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سی سی ڈی کے مطابق، حالیہ دنوں میں جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے شہریوں کو ہراساں کرنے اور بھتہ طلب کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ متحرک ہو گیا ہے ۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ایسے عناصر نہ صرف عوام کے جان و مال کے لیے خطرہ ہیں بلکہ معاشرتی امن و امان کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھتہ خوری میں ملوث کسی بھی شخص یا گروہ کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اس سلسلے میں سی سی ڈی نے ایک خصوصی ٹاسک ٹیم تشکیل دی ہے جو جدید ٹیکنالوجی، خفیہ معلومات اور عوامی تعاون کے ذریعے موثر آپریشنز انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق، کئی ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ۔سی سی ڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص یا گروہ ان سے بھتہ طلب کرتا ہے یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی دھمکی دیتا ہے تو فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دیں ،سی سی ڈی کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کا تعاون ہی جرائم کے خاتمے میں سب سے بڑی طاقت ہے۔