قازقستان نے کروشیا کے راستے ہنگری کو خام تیل کی پہلی کھیپ برآمد کر دی

بدھ 6 اگست 2025 11:00

استانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) قازقستان کی قومی آئل کمپنی "قاز منائی گیس" (کے ایم جی) نے ہنگری کی کمپنی مول(ایم او ایل) گروپ کے ساتھ تعاون کے تحت پہلی مرتبہ 85 ہزار ٹن خام تیل ہنگری کو برآمد کر دیا ہے۔ قازانفارم کے مطابق یہ بات کمپنی کی جاری پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔یہ تیل روس کی بندرگاہ نووروسییسک سے کروشیا کی بندرگاہ "اومیشال" تک قومی شپنگ کمپنی "قاز مورٹرانس فلوٹ"کے ٹینکر ’’الاؤ تاؤ‘‘ کے ذریعے سمندر کے راستے پہنچایا گیا۔

کروشیا سے ہنگری کے شہر سازہالومباتا میں واقع ریفائنری تک تیل کی ترسیل ’’ادریاٹک آئل پائپ لائن‘‘ کے ذریعے کی جائے گی ۔ٹینکر کی کروشیا آمد پر کے ایم جی ، ایم او ایل گروپ اور جے اے این اے ایف کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مستقبل میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کے ایم جی اور ایم او ایل گروپ کے درمیان مستقبل میں خام تیل کی فراہمی سے متعلق ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔

یہ اقدام قازقستان کو یورپی یونین کی منڈیوں تک اپنی تیل برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے کا موقع دیتا ہے۔ایم او ایل گروپ ایک بین الاقوامی تیل، گیس، پیٹروکیمیکل اور ریٹیل کمپنی ہے جس کا صدر دفتر ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں واقع ہے۔ کمپنی وسطی و جنوبی یورپ کے 10 ممالک میں 2400 سروس اسٹیشنز کی مالک ہے اور ہنگری، سلوواکیہ اور کروشیا میں تین ریفائنریاں اور دو پیٹروکیمیکل پلانٹس چلاتی ہے۔