بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 3 ملک شاپس مالکان کو جرمانہ

بدھ 6 اگست 2025 16:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ اور سپنی روڈ پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے دوران 3 ملک شاپس مالکان کو جرمانہ اور 13 مراکز کو اصلاحی نوٹس جاری کر دیئے ۔ بی ایف اے حکام کے مطابق ملک سیفٹی ٹیم نےدودھ کے معیار کی جانچ کے لئے دودھ کے نمونے لے کر ٹیسٹ کیے ، دودھ میں پانی کی وافر مقدار ہونے پر 3 دودھ فروشوں کو جرمانہ جبکہ 13 ملک شاپس مالکان کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹس جاری کیے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ، میکانگی روڈ اور خدئیداد روڈ پر متفرق کھانے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک آئس فیکٹری اور ایک ریسٹورنٹ/ ہوٹل مالکان کو جرمانہ جبکہ ایک ریسٹورنٹ یونٹ کو سیل کردیا،ریسٹورنٹ یونٹ کو جرمانے کی بر وقت ادائیگی نہ کرنے پر سیل کر دیا گیا جبکہ آئس فیکٹری کے خلاف صفائی کے ناقص صورتحال ، زنگ آلود برتنوں کے استعمال، صارفین کو بغیر فلٹر شدہ پانی و برف کی فراہمی ،ریسٹورنٹ/ ہوٹل کے خلاف صفائی کی خراب صورتحال، ورکرز کی صفائی نہ ہونے، کھلے کوڑے دان، صارفین کے زیر استعمال آلودہ پانی کی فراہمی، کچن ایریا میں گندگی و زائد المیعاد مصالحوں وممنوعہ چائینیز نمک برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔