جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے ضلعی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سانگھڑ کے زیرِ اہتمام فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد

بدھ 6 اگست 2025 17:32

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے ضلعی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سانگھڑ کے زیرِ اہتمام سپورٹس سٹیڈیم ٹنڈوآدم میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا فائنل ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹنڈوآدم کی ٹیم نے پنالٹی ککس پر جیت لیا۔ ان مقابلوں میں ضلع سانگھڑ کی 4ٹیموں سانگھڑ، جھول، شہدادپور اور ٹنڈوآدم نے حصہ لیا۔

سیمی فائنلز کے بعد فائنل میچ ٹنڈوآدم اور شہدادپور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جو مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ بعد ازاں فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا، جس میں ٹنڈوآدم نے ایک گول کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سینیٹر ملک امام الدین شوقین تھے، جنہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کھیلوں کو نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے اہم قرار دیا اور جشنِ آزادی کی مناسبت سے جاری کھیلوں کی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے ضلعی سپورٹس آفیسر کائنات قمر کو شاندار ایونٹ منعقد کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کائنات قمر نے بتایا کہ صوبائی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر جشنِ آزادی کے سلسلے میں مختلف مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں فٹبال، ایتھلیٹکس اور رسہ کشی کے ٹورنامنٹ مکمل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سپورٹس قومی تہوار کو جوش و خروش سے منانے کے ساتھ عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اختتامی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاھانی، ڈی ایس پی عبدالستار گرگیج سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ کائنات قمر نے کوچز، اناونسرز اور منتظمین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز اور روایتی سندھی اجرکیں پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :