دباؤ سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں، وسیم اکرم کا بابر اعظم کو فارم میں واپسی کیلئے مشورہ

بابر اعظم ہمارے سپر اسٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 ستمبر 2025 15:41

دباؤ سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں، وسیم اکرم کا بابر اعظم کو فارم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم ستمبر 2025ء ) سابق کپتان وسیم اکرم نے فارم میں واپسی کے لیے بابر اعظم کو بڑا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سٹار بیٹر بابر اعظم کی حالیہ کارکردگی اور فارم پر کھل کر خیالات کا اظہار کیا ہے۔ 
انہوں نے بابر اعظم کو ہدایت کی کہ وہ دباؤ سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں اور اپنی کلاس پر بھروسہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے بہترین اننگز کھیلیں۔

 
ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نےکہا کہ بابر اعظم ہمارے سپر سٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ میں بابر کو یہی مشورہ دوں گا کہ پْرسکون رہیں، غیر ضروری پریس کانفرنسز کو اہمیت نہ دیں اور یاد رکھیں کہ فارم وقتی ہوتی ہے لیکن کلاس ہمیشہ کے لیے ہے، محنت جاری رکھیں، آپ دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے۔

(جاری ہے)

 
59 سالہ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ اگرچہ بابر اعظم پہلے ہی عالمی معیار کے بیٹر ہیں لیکن ان کی بہترین کارکردگی ابھی آنا باقی ہے، وہ مستقبل میں پاکستان کو اہم فتوحات بھی دلوائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے پاس میچ ونر کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، ان میں ٹیلنٹ موجود اور تسلسل بھی ہے لیکن اب وقت آگیا کہ وہ اپنی بیٹنگ سے دو سے تین بڑے میچز جتوا کر اپنی حیثیت مزید منوائیں۔

خیال رہے کہ بابراعظم اس وقت فارم کے بحران سے گزر رہے ہیں، ان کی آخری انٹرنیشنل سنچری ایشیا کپ 2023 میں نیپال کے خلاف سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ تین ہندسوں تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔ 
سابق کپتان کو کمتر سٹرائیک ریٹ کے باعث پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔