آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

پیر 1 ستمبر 2025 17:05

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے ایک کروڑ 38لاکھ 80ہزار ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق ویمنز ون ڈے ورلڈکپ کا 13واں ایڈیشن 30ستمبر سے شروع ہوگا، پاکستان ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے رواں سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2028تک ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوا ہے جس کے تحت کسی بھی آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک سفر کرنے کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔آئی سی سی کے مطابق 8ٹیموں پر مشتمل اس بڑے ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 38لاکھ 80ہزار ڈالر ہوگی، جو 2022میں نیوزی لینڈ میں منعقدہ گزشتہ ایڈیشن کی 35لاکھ ڈالر انعامی رقم کے مقابلے میں 297فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ انعامی رقم 2سال قبل بھارت میں منعقدہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کی کل انعامی رقم (ایک کروڑ ڈالر)سے بھی زیادہ ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اعلان خواتین کی کرکٹ کو مزید فروغ دینے کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔اس سے قبل آئی سی سی ویمنز ٹی20ورلڈ کپ 2024کے موقع پر تنخواہوں میں برابری کے فیصلے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

خواتین ورلڈ کپ کے 13ویں ایڈیشن کے فاتح کو 44لاکھ 80ہزار ڈالر دیے جائیں گے، جو 2022میں آسٹریلیا کو ملنے والے 13لاکھ 20ہزار ڈالر کے مقابلے میں 239 فیصد زیادہ ہیں۔اس کے برعکس رنرز اپ ٹیم کو 22لاکھ 40ہزار ڈالر ملیں گے، جو 3سال قبل انگلینڈ کو ملنے والے 6لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 273فیصد زیادہ ہیں جب کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو 11لاکھ 20ہزار ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے (جو 2022میں 3لاکھ ڈالر تھی)۔

گروپ اسٹیج سے باہر ہونے والی ہر ٹیم کو کم از کم 2لاکھ 50ہزار ڈالر ملیں گے جب کہ ہر گروپ اسٹیج کی فتح پر فاتح ٹیم کو 34ہزار 314ڈالر ملیں گے۔پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو فی ٹیم 7لاکھ ڈالر اور ساتویں اور آٹھویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو فی ٹیم 2لاکھ 80ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اعلان خواتین کی کرکٹ کے سفر میں ایک فیصلہ کن سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انعامی رقم میں یہ 4گنا اضافہ خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ اس کے طویل المدتی فروغ کے لیے ہمارے واضح عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی کرکٹ شاندار بلندیوں کی جانب گامزن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس اقدام سے اس کی رفتار مزید تیز ہوگی۔