زیادہ لسٹ اے سنچریاں ، شان مسعود نے محمد یوسف کو پیچھے چھوڑ دیا

قومی اوپنر ابتک 137 لسٹ اے میچز کی 135 اننگز میں 52.31 کی اوسط سے 6121 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 16 سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں شامل ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 ستمبر 2025 14:00

زیادہ لسٹ اے سنچریاں ، شان مسعود نے محمد یوسف کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم ستمبر 2025ء ) قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے کا محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا ۔
35 سالہ شان مسعود نے انگلش ون ڈے کپ میں لیسٹرشائر کے لیے کھیلتے ہوئے ایسیکس کے خلاف 103 رنز کی باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 16ویں سنچری تھی ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا ۔

 
شان مسعود اب تک 137 لسٹ اے میچز کی 135 اننگز میں 18 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 52.31 کی اوسط سے 6121 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 16 سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ 
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اب 29 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بلے باز ہیں ۔

(جاری ہے)

 

خرم منظور 27 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں ۔

قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں ۔
سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ، قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس اور فخر زمان 19، 19 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر چھٹے جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے 7 ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔

 
سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر 8 ویں ، ٹیسٹ کپتان شان مسعود، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں جب کہ سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ، عمر امین اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ 
امام الحق 14 لسٹ اے سنچریاں بنا کر اس فہرست میں 11ویں نمبر پر ہیں۔