خاتون کے شوہر کے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق درخواست نمٹادی گئی

بدھ 6 اگست 2025 18:26

خاتون کے شوہر کے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق درخواست نمٹادی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے خاتون کے شوہر کے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق درخواست واپس لینے کی بناء پر نمٹادی ۔چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے سائلہ طاہرہ بی بی کی درخواست پر سماعت سماعت کی ۔ایس پی ،سی سی ڈی،ناصرعباس پنجوتا،آفتاب پھلروان ودیگرافسران پیش ہوئے ۔درخواست گزار خاتون اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئی ۔

(جاری ہے)

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار خاتون پٹیشن واپس لینا چاہتی ہے۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے درخواست گزار خاتون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر کسی قسم کا کوئی دبائو تو نہیں ۔چیف جسٹس کو درخواست گزار خاتون نے جواب دیا کہ کوئی دبائو نہیں ، وہ کیس نہیں چلانا چاہتی۔ عدالت نے خاتون کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے پٹیشن نمٹادی۔درخواست گزار خاتون نے اپنے شوہر محمد تنویر کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا ۔